امریکی نشریاتی ادارے CNN نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ ایران کے خلاف جاری جنگ میں امریکا اپنی فضائیہ کے کم از کم 7 جنگی طیارے کھو چکا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران کی جانب سے مار گرائے گئے طیاروں میں F-35 Lightning II، F-15 Eagle اور E-3 Sentry جیسے اہم جنگی اور جاسوس طیارے شامل ہیں۔
حالیہ واقعے میں ایران کی فضائی حدود کے اندر ایک امریکی طیارہ مار گرایا گیا، جس کے بعد ایرانی حکام نے لاپتہ امریکی پائلٹ کی تلاش کے لیے مالی انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔
ابتدائی طور پر ایران نے دعویٰ کیا تھا کہ تباہ ہونے والا طیارہ ایف-35 تھا، تاہم بعد میں سامنے آنے والی تصاویر اور ابتدائی تحقیقات سے اشارہ ملا کہ یہ F-15 Strike Eagle تھا، جو طویل فاصلے تک حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اس میں دو افراد پر مشتمل عملہ سوار ہوتا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق طیارہ گرنے سے قبل دونوں اہلکاروں نے پیراشوٹ کے ذریعے چھلانگ لگائی تھی۔ بعد ازاں امریکی اسپیشل فورسز نے ایک اہلکار کو بحفاظت بازیاب کر لیا، جبکہ دوسرا تاحال لاپتہ ہے اور اس کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے، اور عسکری جھڑپوں کے باعث خطے کی سیکیورٹی صورتحال مزید پیچیدہ ہوتی جا رہی ہے۔
