جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئی جہاں اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ سے ایک اہلکار ہلاک جبکہ دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت 21 سالہ سارجنٹ فرسٹ کلاس گائے لوڈر کے نام سے ہوئی ہے، جو اسرائیلی کمانڈو بریگیڈ کی مگلان یونٹ سے تعلق رکھتے تھے۔
رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ رات تقریباً 3 بجے شیبا گاؤں میں ایک کارروائی کے دوران پیش آیا۔ اسرائیلی کمانڈوز نے ایک ایسے مشتبہ شخص کی گرفتاری کے لیے چھاپہ مارا تھا جس پر حزب اللہ کی مدد کرنے کا الزام تھا۔
اسرائیلی فوج کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق آپریشن کے دوران ایک اہلکار نے غلطی سے یہ سمجھ لیا کہ کچھ مشتبہ افراد فرار ہونے کی کوشش کر رہے ہیں، جس پر اس نے فائرنگ کر دی۔ اس فائرنگ کے نتیجے میں گائے لوڈر موقع پر ہی ہلاک جبکہ ایک اور فوجی شدید زخمی ہو گیا۔
فوجی حکام کا کہنا ہے کہ آپریشن مکمل کر لیا گیا اور مشتبہ شخص کو حراست میں لے کر اسرائیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ اس حادثے کی وجوہات اور ذمہ داری کا تعین کیا جا سکے۔
