بھارتی ریاست اتر پردیش کے وزیرِ اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کہا ہے کہ اب ریاست میں سڑکوں پر نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
آسام میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے یوگی آدتیہ ناتھ نے مزید کہا کہ کسی بھی عبادت گاہ سے بلند آواز میں لاؤڈ اسپیکر کے استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق یہ اقدامات نظم و ضبط اور قانون کی عملداری کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
اپنی تقریر میں انہوں نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے مؤقف کو دہراتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پارٹی آسام کو “مسلم دراندازوں” سے پاک کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے افراد کی نشاندہی کر کے انہیں ملک سے نکال دیا جائے گا۔
یہ بیانات ایک ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب بھارت کی مختلف ریاستوں، خصوصاً مغربی بنگال اور آسام میں انتخابات قریب آ رہے ہیں، جس کے باعث سیاسی بیان بازی میں شدت دیکھی جا رہی ہے۔
