آن لائن جوا ایپ کی مبینہ پروموشن سے متعلق کیس میں لاہور کی سیشن عدالت نے یوٹیوبر اقرا کنول، ان کے شوہر اریب اور یوٹیوبر سعد الرحمان عرف ڈکی بھائی کی اہلیہ عروب جتوئی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کر دی ہے۔
لاہور کی سیشن عدالت میں ایڈیشنل سیشن جج ذوالفقار احمد نعیم نے کیس کی سماعت کی۔ دورانِ سماعت اقرا کنول اور ان کے شوہر اریب عدالت میں پیش ہوئے، جہاں ان کی جانب سے وکیل سلیم چوہدری ایڈووکیٹ نے مؤقف پیش کیا۔ عدالت نے دلائل سننے کے بعد عبوری ضمانت میں 23 اپریل تک توسیع کر دی۔
اسی نوعیت کے ایک الگ مقدمے میں عروب جتوئی بھی عدالت میں پیش ہوئیں اور اپنی حاضری مکمل کروائی۔ اس کیس میں نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (NCCIA) نے تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید وقت کی استدعا کی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے عبوری ضمانت میں توسیع دے دی۔
یاد رہے کہ مذکورہ ملزمان کے خلاف این سی سی آئی اے کی جانب سے آن لائن جوا ایپ کی مبینہ پروموشن کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس کی تفتیش جاری ہے۔ عدالت کی جانب سے آئندہ سماعتوں میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔
