پاکستان نے انٹرنیشنل بانڈ کی مد میں رقوم کی ادائیگی کردی۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق 1.3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز جو 8 اپریل کو واجب الادا تھے اُن کی ادائیگی ایک دن پہلے ہی یعنی آج 7 اپریل کو کردی گئی ہے۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق سود ملاکر 1.43 ارب ڈالر ایجنٹ بینک کے ذریعے بانڈ ہولڈرز میں تقسیم کیے جائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان نے متحدہ عرب امارات کے 3.5 ارب ڈالر کے تمام قرضے رواں ماہ واپس کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان نے یو اے ای کو ساڑھے 3 ارب ڈالر واپسی کے انتظامات کرلئے، یو اے ای کو 45 کروڑ ڈالر رواں ہفتے ہی ادا کردیئے جائیں گے جو پاکستان نے یہ قرضہ 97-1996 میں لیا تھا۔
حکام کے مطابق پاکستان رواں ماہ مزید 3 ارب ڈالر قرضہ بھی واپس کرے گا، متحدہ عرب امارات کو 2 ارب ڈالر 17 اپریل کو واپس کئے جائیں گے، مزید ایک ارب ڈالر 23 اپریل کو واپس ادا کرنے کا شیڈول ہے۔
پاکستان نے عرب امارات سے 2 ارب ڈالر 2018 میں قرض لیا تھا، یو اے ای سے مزید ایک ارب ڈالر کے ڈیپازٹس 2023 میں حاصل کیے۔ پاکستان قرض رول اوور کرنے پر سالانہ 6.5 فیصد سود ادا کررہا تھا
