وزیراعظم شہباز شریف سے ترک صدر رجب طیب اردوان نے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس دوران خطے میں کشیدگی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی امن کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے تاریخی اقدام پر مبارکباد دی۔
صدر اردوان نے خلیج میں تباہ کن تنازع ختم کرانے کی کوششوں پر شہباز شریف کی جرات مندانہ اور سمجھدار قیادت کی تعریف کی۔انہوں نے کہا کہ اس تنازع کے باعث بے پناہ انسانی مصائب اور بنیادی ڈھانچے کی بڑی تباہی ہوئی۔ترک صدر نے خطے میں امن و استحکام کی بحالی کیلئے وزیراعظم کی مخلصانہ کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی امن کوششوں کی حوصلہ افزائی پر ترک صدر کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے خطے اور عالمی امن و استحکام کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
اس سے قبل ترک صدر رجب طیب اردوان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی رابطہ کیا جس دوران دونوں رہنماؤں نے دوہفتوں کی جنگ بندی پر تبادلہ خیال۔ ترک صدر نے کہا کہ جنگ بندی کے عمل کو سبوتاژ کرنے کا کوئی موقع نہیں دیا جانا چاہئے،ترکیہ سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا ،پاکستان اور دیگر دوست ممالک کے ساتھ مل کر پائیدار حل کو آگے بڑھائیں گے۔
