پاکستانی تھیٹر اور فلم انڈسٹری کی معروف اداکاراؤں دیدار اور ریشم کے درمیان جاری تنازع شدت اختیار کر گیا ہے، جس نے سوشل میڈیا اور شوبز حلقوں میں ہلچل مچا دی ہے۔
چند روز قبل دیدار نے ریشم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں ’’منفی اثر رکھنے والی شخصیت‘‘ اور ’’لوگوں کی زندگیاں برباد کرنے والی‘‘ قرار دیا تھا، جس کے بعد دونوں اداکاراؤں کے درمیان لفظی جنگ کا آغاز ہوا۔
معاملہ بڑھنے پر صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے مداخلت کرتے ہوئے دونوں اداکاراؤں سے درخواست کی کہ وہ ایک دوسرے کے خلاف نامناسب زبان استعمال کرنے سے گریز کریں۔ انہوں نے دیدار کو معافی مانگنے کا مشورہ بھی دیا۔
عظمیٰ بخاری کی اس اپیل کو ریشم نے سراہا اور اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں انہیں ایک اچھی دوست قرار دیتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔
تاہم دیدار نے اس تمام صورتحال کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ کسی دباؤ میں آکر معافی نہیں مانگیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کوئی بھی انہیں زبردستی معافی پر مجبور نہیں کر سکتا۔
دیدار نے مزید دعویٰ کیا کہ ماضی میں وہی لوگ جو آج ان سے دوری اختیار کیے ہوئے ہیں، کبھی ان کے قریبی حلقے کا حصہ تھے اور ان کے ساتھ وقت گزارتے تھے، تاہم اب حالات بدل چکے ہیں۔
ان بیانات کے بعد تنازع مزید شدت اختیار کر گیا ہے اور شوبز انڈسٹری سمیت سوشل میڈیا پر اس معاملے پر بحث جاری ہے۔
