عالمی ایتھلیٹکس کے نگران ادارے World Athletics نے میراتھن ریس کے لیے ایک علیحدہ اور خود مختار عالمی چیمپئن شپ شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا باقاعدہ آغاز 2030 سے ہوگا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس تاریخی ایونٹ کی پہلی میزبانی کے لیے Athens کا نام زیر غور ہے، جسے میراتھن دوڑ کی جائے پیدائش سمجھا جاتا ہے۔
نئی منصوبہ بندی کے تحت میراتھن 2027 اور 2029 کی عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا حصہ رہے گی، تاہم 2030 سے اسے الگ کر کے ایک سالانہ ایونٹ کی حیثیت دی جائے گی۔ اس نئی چیمپئن شپ میں مردوں اور خواتین کے مقابلے باری باری ہر سال منعقد کیے جائیں گے۔
ورلڈ ایتھلیٹکس کے صدر Sebastian Coe نے اس اقدام کو میراتھن کے فروغ کے لیے ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ دوڑ نہ صرف ایتھلیٹکس کی ایک نمایاں صنف ہے بلکہ اسے عالمی سطح پر ایک بڑے جشن کی شکل دینے کا وقت آ چکا ہے۔
یاد رہے کہ میراتھن روایتی طور پر بڑی عالمی ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کا حصہ رہی ہے، تاہم 2031 سے اسے مکمل طور پر مرکزی مقابلوں سے الگ کر دیا جائے گا۔ اگر London 2029 کی عالمی چیمپئن شپ کی میزبانی حاصل کر لیتا ہے تو یہ آخری موقع ہوگا جب میراتھن کسی بڑی چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔
اس کے بعد میراتھن ایک نئی شناخت اور آزاد حیثیت کے ساتھ عالمی سطح پر منعقد کی جائے گی، جس سے اس کھیل کی مقبولیت اور مسابقت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
