پاکستان کی معیشت بحالی کی جانب گامزن، 2025 بہتر سال قرار

رپورٹ کے مطابق مالی سال 2025 میں معاشی نمو میں بہتری دیکھی گئی جبکہ مہنگائی میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔

اے ڈی بی کا کہنا ہے کہ سخت معاشی پالیسیوں اور اصلاحات نے پاکستان کی معیشت کو سہارا دیا اور استحکام کی بنیاد فراہم کی۔

رپورٹ میں پیشگوئی کی گئی ہے کہ پاکستان کی معاشی شرح نمو 2026 میں 3.5 فیصد تک رہے گی جبکہ 2027 میں مزید بہتری کے ساتھ 4.5 فیصد تک پہنچنے کا امکان ہے،صنعتی شعبے کی بحالی اور نجی سرمایہ کاری میں اضافہ معیشت کو مزید تقویت دے گا۔

ایشیائی ترقیاتی بینک نے خبردار کیا ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی پر دباؤ بڑھ سکتا ہے، مہنگائی کی شرح 2026 میں 6.4 فیصد اور 2027 میں 6.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔

ادارے کا کہنا ہے کہ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے محتاط مانیٹری پالیسی میں نرمی متوقع ہے، تاہم توانائی اور کھاد کی قیمتوں میں اضافہ معیشت پر دباؤ ڈال سکتا ہے، زرعی اور صنعتی پیداوار متاثر ہونے کا خدشہ ہے جبکہ ترسیلات زر میں کمی اور کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بڑھنے کا خطرہ بھی برقرار ہے۔

اے ڈی بی کے مطابق 2026 میں نجی سرمایہ کاری میں اضافہ معاشی ترقی کو سہارا دے گا جبکہ تعمیراتی شعبہ بجٹ مراعات اور سیلاب سے بحالی کے منصوبوں سے مستفید ہوگا۔

رپورٹ میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ عالمی غیر یقینی صورتحال پاکستان کی معیشت کے لیے ایک بڑا چیلنج ہے اور پائیدار ترقی کے لیے اصلاحات کے تسلسل اور محتاط معاشی پالیسیوں پر عمل ناگزیر ہے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے