وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 10 اپریل 1973ء پاکستان کی تاریخ کا ایک سنہری دن ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو نے قوم کو متفقہ، جمہوری اور اسلامی آئین دیا۔
انہوں نے کہا پاکستان پیپلز پارٹی آئین کی بالادستی پر یقین رکھتی ہے، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں آئین کے تحفظ کی جدوجہد جاری ہے، آئین کی سربلندی ہی ملک میں جمہوریت کے استحکام کی ضمانت ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا عوامی حاکمیت آئینِ پاکستان کی بنیاد ہے، آئین پاکستان ہر شہری کو مساوی حقوق اور تحفظ فراہم کرتا ہے، عوام اور ریاست کے درمیان اعتماد آئین کی بدولت قائم رہتا ہے، آئین کے مطابق انصاف فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے.
مراد علی شاہ نے کہا کہ قانون کی حکمرانی ہی ایک مضبوط ریاست کی پہچان ہے، یومِ دستور ہمیں اپنے حقوق اور فرائض یاد دلاتا ہے، شہری کا فرض ہے کہ وہ آئین کی پاسداری کرے تاہم آئین کے تحفظ سے ہی پاکستان کا مستقبل محفوظ ہے۔
انہوں نے کہا کہ مضبوط جمہوریت ہی مستحکم پاکستان کی ضمانت ہے، ہمیں آئین کے مطابق اداروں کی مضبوطی اور قانون کی حکمرانی کو یقینی بنانا ہوگا۔
