اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران افغان باشندوں نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کردیا۔ افغان باشندوں کی شدید مزاحمت اور تشدد سے 4 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق سرائے خربوزہ میں افغان باشندوں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران مزاحمت اور پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے والے 23 افراد گرفتار کرلیا گیا۔
تھانہ گولڑہ میں اے ایس آئی کی مدعیت میں دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمے میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعہ 7 سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔
ایف آئی آر کے مطابق پولیس ٹیم کشمیر کالونی میں سرچ آپریشن کے لیے گئی، 5 افغان باشندے پاکستان میں رہائش کی دستاویز پیش نہ کرسکے۔ افغان باشندوں کو تھانے لے جارہے تھے کہ 50،60 افراد نے دھاوا بول دیا، مبین نامی شخص نے دیگر ساتھیوں کی مدد سے ایک اہلکار کو اغوا کیا۔
ملزمان نے مغوی پولیس اہلکار کو ایک گھر میں بند کرکے آگ لگا دی، ملزمان نے پولیس اہلکاروں سے سرکاری ایس ایم جی بھی چھین لی، اضافی نفری نے موقع پر پہنچ کر پولیس اہلکاروں کو بچایا، سی ٹی ڈی نے مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا۔
