پاکستان کو عالمی سطح پر اسپورٹس جرنلزم میں ایک بڑا اعزاز حاصل ہوا ہے، جہاں ایسوسی ایشن انٹرنیشنل پریس آف اسپورٹس (اے آئی پی ایس) نے پاکستانی صحافی امجد عزیز ملک کو ایگزیکٹو کمیٹی کا تاحیات اعزازی رکن منتخب کر لیا ہے۔
یہ اعزاز سوئٹزرلینڈ کے شہر لوزانا میں منعقد ہونے والی اے آئی پی ایس کی 88ویں کانگریس کے دوران دیا گیا، جس میں دنیا بھر سے 111 ممالک کے نمائندگان نے شرکت کی۔
کانگریس کے دوران پاکستان کے علاوہ جاپان، اسپین، مالٹا، برازیل اور ترکی کے سینئر اسپورٹس صحافیوں کو بھی تاحیات اعزازی رکنیت سے نوازا گیا۔
اے آئی پی ایس کی 102 سالہ تاریخ میں امجد عزیز ملک یہ اعزاز حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں، جو ملک کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان اس سے قبل بھی ان کی خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی تمغہ امتیاز سے نواز چکی ہے، جو ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور خدمات کا اعتراف ہے۔
دریں اثنا پاکستان اسپورٹس رائٹرز فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل محمد اصغر عظیم اور دیگر عہدیداران نے اس کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اعزاز نہ صرف امجد عزیز ملک بلکہ پوری پاکستانی اسپورٹس جرنلسٹ برادری کے لیے باعثِ فخر ہے۔
ماہرین کے مطابق اس کامیابی سے عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تشخص مزید مضبوط ہوگا اور اسپورٹس جرنلزم کے شعبے میں ملک کی نمائندگی کو نئی تقویت ملے گی۔
