29 دسمبر کو 100 سال کی عمر میں انتقال کرنے والے سابق امریکی صدر جمی کارٹر کی چھ روزہ سرکاری تدفین کا آغاز جارجیا کے ان کے آبائی شہر پلینز میں ہوا۔ یہ کارروائی آنجہانی صدر کی زندگی اور خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ان کے آبائی علاقے سے شروع کی گئی، جہاں ان کی باقیات کو فوبی سمٹر میڈیکل سنٹر سے لے جانے والے ایک موٹر قافلے کے ذریعے منتقل کیا گیا۔موٹر قافلہ ان مقامات سے گزرا جو جمی کارٹر کی زندگی کے اہم حصے رہے وہ میتھوڈسٹ چرچ جہاں کارٹر نے 1946 میں اپنی اہلیہ روزلین سے شادی کی۔ان کا تاریخی گھر، جہاں انہوں نے اپنی زندگی کے آخری دن گزارے۔
سابق امریکی صدر جمی کارٹر کی باقیات کو واشنگٹن ڈی سی منتقل کیا جائے گا، جہاں وہ کیپیٹل روٹونڈا میں ریاستی اعزاز کے ساتھ رکھے جائیں گے۔جمعرات کو واشنگٹن نیشنل کیتھیڈرل میں ایک اہم یادگاری تقریب منعقد ہوگی، جس میں صدر جو بائیڈن سمیت تمام زندہ سابق صدور کی شرکت متوقع ہے۔صدر بائیڈن نے جمی اور روزلین کارٹر کی خدمات کے اعتراف میں پلینز، جارجیا کی امریکی پوسٹل سروس کی سہولت کو ان کے نام سے منسوب کرنے کے قانون پر بھی دستخط کیے ہیں۔
قومی خراج تحسین کے بعد، کارٹر کے اہل خانہ پلینز واپس آئیں گے، جہاں مراناتھا بیپٹسٹ چرچ میں ایک نجی جنازہ منعقد ہوگا۔ یہ وہی چرچ ہے جہاں جمی کارٹر نے کئی دہائیوں تک سنڈے اسکول پڑھایا۔