پاکستان میں مہنگائی 9 سال کی کم ترین سطح پر آ گئی۔۔۔۔ ادارہ شماریات کے مطابق جنوری میں افراط زر 2.4 فیصد رہا۔۔۔ دسمبر 2024 میں مہنگائی کی شرح 4.1 فیصد تھی جبکہ ایک سال پہلے جنوری 2024 میں مہنگائی 28.3 فیصد پر ریکارڈ کی گئی تھی۔۔۔
ماہانہ بنیادوں پر جنوری میں مہنگائی 0.2 فیصد بڑھی جو پچھلے مہینے کے 0.1 فیصد اضافے اور جنوری 2024 میں 1.8 فیصد اضافے کے مقابلے میں کم ہے۔
مالی سال 2025 کے پہلے 7 مہینوں کے دوران اوسطً مہنگائی 6.5 فیصد رہی جو گزشتہ مالی سال کے اسی عرصے میں 28.73 فیصد تھی۔
شہروں میں مہنگائی 2.7 فیصد رہی جو دسمبر میں 4.4 فیصد اور ایک سال قبل 30.2 فیصد تھی۔ ماہانہ بنیادوں پر شہری علاقوں میں مہنگائی 0.2 فیصد بڑھی جبکہ دسمبر 2024 میں یہ 0.1 فیصد کمی کا شکار تھی۔
دیہی علاقوں میں مہنگائی 1.9 فیصد پر آ گئی۔۔۔ ایک ماہ پہلے دیہاتوں میں افراط زر 3.6 فیصد تھا۔۔۔ جنوری 2024 میں دیہی علاقوں میں مہنگائی 25.7 فیصد پر تھی۔۔۔
ادارہ شماریات کے مطابق مہنگائی میں کمی کی بڑی وجہ اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہے۔۔
ایک سال میں کون سے اشیا مہنگی ہوئیں؟
اگر سرکاری اعداد و شمار کا جائزہ لیں تو ایک سال میں گائے کا گوشت 200 روپے فی کلو مہنگا ہوا۔۔۔ جنوری 2024 میں ایک کلو گائے کا گوشت 835 روپے کا تھا جو جنوری 2025 میں 1030 روپے کا ہو گیا۔۔
اسی طرح بکرے کے گوشت کی قیمت میں بھی نمایاں اضافہ ہوا۔۔۔ جنوری 2024 میں بکرے کا گوشت 1731 روپے فی کلو تھا جو جنوری 2025 میں 1965 روپے میں فروخت ہوا۔۔۔
سرسوں کا تیل ایک سال پہلے 503 روپے فی کلو تھا۔۔۔ جنوری 2025 میں سرسوں کا تیل 570 روپے فی کلو کا ہو گیا۔۔۔
گھی بھی ایک سال میں سستا ہونے کے بجائے 80 روپے فی کلو مہنگا ہوا۔۔۔ جنوری 2024 میں ایک کلو گھی 502 روپے میں مل رہا تھا جو اب 582 روپے کا ہو گیا۔۔۔
اسی طرح کوکنگ آئل کی قیمت بھی 30 روپے فی کلو بڑھ گئی۔۔۔ جنوری 2024 میں ایک کلو کوکنگ آئل 530 روپے کا تھا جو اب 580 روپے کا ہو گیا۔۔
مونگ کی دال 100 روپے کلو مہنگی ہوئی۔۔۔ ایک سال پہلے ایک کلو مونگ کی دال 302 روپے کی تھی جو اب 402 روپے کی ہو گئی۔۔
چنے کی دال بھی 104 روپے فی کلو مہنگی ہوئی۔۔۔۔ جنوری 2024 میں 257 روپے فی کلو والی چنے کی دال اب 361 روپے فی کلو ہو گئی۔۔۔
60 روپے کلو والے آلو اب 90 روپے میں فروخت ہو رہے ہیں۔۔۔ جنوری 2024 کے مقابلے میں جنوری 2025 میں آلو 30 روپے کلو مہنگے ہوئے۔۔
لہسن کی قیمت میں بھی 100 روپے فی کلو اضافہ ہوا۔۔۔۔ جنوری 2024 میں 588 روپے فی کلو قیمت تھی جو اب 688 روپے ہو گئی ہے۔۔