سکردو: کے 2 پر مہم جوئی کے دوران 4 رکنی کوہ پیما ٹیم برفانی تودے کی زد میں آ گئی ہے، حادثے میں افتخار سدپارہ جاں بحق ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق کے ٹو پہاڑ پر مہم جوئی کرنے والی کوہ پیما ٹیم برفانی تودے کی زد میں آ گئی، تین کوہ پیماؤں کو بچا لیا گیا تاہم ایک کوہ پیما اور مقامی پورٹر لاپتا ہو گئے تھے۔
بعد ازاں ریسکیو حکام نے کوہ پیما کی لاش ڈھونڈ لی، جو افتخار سدپارہ کی تھی، ڈی سی شکر کا کہنا ہے کہ ان کی میت بذریہ ہیلی کاپٹر اسکردو منتقل کی جائے گی۔
اس حادثے میں 3 کوہ پیما زخمی ہو گئے تھے، تاہم ریسیکیو کا کہنا تھا کہ کوہ پیماؤں کو معمولی خراشیں آئیں، یہ حادثہ کیمپ 1 سے واپسی پر بیس کیمپ سے تقریباً 500 میٹر آگے پیش آیا، ریسکیو ٹیم نے 3 زخمی کوہ پیماؤں کو بہ حفاظت ایڈوانس بیس کیمپ منتقل کیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق معروف کوہ پیما افتخار سدپارہ برفانی تودے کی زد میں آ گئے تھے، جاں بحق کوہ پیما کی آبائی گاؤں سدپارہ میں تدفین کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر شگر کے مطابق برفانی تودہ گرنے کا واقعہ گزشتہ روز پیش آیا تھا، حادثے میں 3 غیر ملکی کوہ پیما زخمی ہوئے تھے۔