میڈرڈ: گلوبل صمود فلوٹیلا کے مزید 29 ارکان کو اسرائیل سے ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے، جو اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ پہنچ گئے۔
ایئرپورٹ پر انسانی حقوق کی تنظیموں نے کارکنوں کا شاندار استقبال کیا۔ رپورٹ کے مطابق رہا ہونے والوں میں 21 کا تعلق اسپین سے ہے۔
رہا شدہ کارکنوں نے الزام عائد کیا کہ انہیں صیہونی فوج کی جانب سے بدسلوکی اور ناروا سلوک کا سامنا کرنا پڑا۔
گلوبل فلوٹیلا کے مجموعی 450 ارکان میں سے اب تک 170 کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے، جبکہ دیگر درجنوں کارکن اب بھی اسرائیلی حراست میں ہیں۔
امریکی سینیٹر کراس وان نے اسرائیل میں زیر حراست دیگر رضاکاروں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت کی اولین ذمہ داری اپنے شہریوں کی بیرون ملک حفاظت ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکی سفیر کو امدادی کارکنوں کی رہائی کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہیے اور ٹرمپ انتظامیہ اسرائیل سے تمام گرفتار امریکی امدادی کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کرے۔