اسلام آباد ہائیکورٹ نے عمران خان اور بشریٰ بی بی کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس کا فیصلہ روکنے کی استدعا مسترد منظور نہیں کی۔
جسٹس راجا انعام امین منہاس نے بانی اور بشریٰ بی بی کی بریت درخواستوں پر سماعت کی ۔ وکیل بانی پی ٹی آئی سلمان صفدر نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا ہم نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بریت کی درخواست گزشتہ سال دائر کی تھی اب کیس اختتامی مراحل میں ہے ۔ توشہ خانہ ون کیس میں سزا ہائی کورٹ کا ڈویژن بینچ معطل کر چکا۔
وکیل بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ جس بلغاری سیٹ پر توشہ خانہ ٹو کیس بنایا گیا اگر وہ موجود ہو تو بتا دیں۔ کیس میں انعام اللہ شاہ اور صہیب عباسی ملزمان بھی ہیں اور گواہ بھی ۔ پہلے تفتیش میں تحائف اکٹھے کئے گئے پھر بلغاری سیٹ کو الگ کیا گیا۔ ایک کیس میں بار بار سزا نہیں ہو سکتی ۔ ٹرائل کورٹ نے 342 کے سوالنامے کے کل جوابات مانگے ہیں اور شاید پرسوں سزا بھی ہو جائے۔
وکیل صفدر نے کہا کہ کیس کا حتمی فیصلہ روکنے کی استدعا کرتا ہوں ۔ اگر آپ اسٹے نہیں دیتے تو میرے دلائل کا کوئی فائدہ نہیں۔ جسٹس راجا انعام امین منہاس نے سماعت ملتوی کرتے ہوئے کہا دیکھ لیتے ہیں۔ سماعت کا تحریری حکم جاری ہو گا جس میں آئندہ سماعت کی تاریخ بھی درج ہو گی۔