جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس میں طلبی کے باوجود بانی پی ٹی آئی کی عدم پیشی کے باعث کوئی شہادت قلمبند نہ ہوسکی۔ اڈیالہ جیل میں جی ایچ کیو گیٹ حملہ کیس کی سماعت بیس اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
اے ٹی سی جج امجد علی شاہ نے اڈیالہ جیل میں کیس کی سماعت کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی کو عدالت میں پیشی کا پیغام پہنچایا گیا تاہم انہوں نے کہا میں تیار ہو کر عدالت میں پیش ہوں گا۔
وکیل صفائی فیصل ملک نے مؤقف اپنایا حکومت پنجاب نے اپنا نوٹیفکیشن واپس لے لیا ہے۔ اس لئے ویڈیولنک کی کارروائی کو غیرقانونی تصور کیا جائے گا۔ ہائی کورٹ میں ہماری رٹ پٹیشن اگلے ہفتے لگ جائے گی۔
پراسیکیوٹر ظہیر شاہ نے کہا نوٹیفکیشن ہائیکورٹ نے کالعدم قرار نہیں دیا ۔ کارروائی ازخود غیرقانونی نہیں ہو گئی ۔ اگر وکلا صفائی کی ہائیکورٹ میں رٹ آئندہ ہفتے رٹ پٹیشن فکس ہو جاتی ہے تو ہم گواہوں کی شہادت قلمبند نہیں کروائیں گے ۔ وکلا صفائی نے اپنے موکل سے مشاورت اور ہدایات کیلئے ملاقات کی استدعا کی جو عدالت نے منظور کرلی ۔ جج نے حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں پیش ہوں ۔