اسلام آباد — پاکستان کے معروف مارشل آرٹس فائٹر رضوان علی نے دبئی میں ہونے والی بین الاقوامی فائٹ میں بھارتی حریف رانا پرتاپ سنگھ کو پہلے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کر کے شاندار کامیابی حاصل کی، جس پر دبئی ارینا پاکستانی شائقین کے نعروں سے گونج اٹھا۔
فائٹ کے آغاز سے ہی رضوان علی نے اپنے جارحانہ اور دفاعی انداز سے بھارتی حریف پر دباؤ برقرار رکھا۔ صرف چند منٹوں میں تابڑ توڑ حملوں کے بعد رضوان نے اپنے حریف کو زمین بوس کر دیا۔ اس فتح کے ساتھ رضوان نے اپنا ناقابلِ شکست ریکارڈ برقرار رکھا اور مسلسل گیارہویں فائٹ میں کامیابی حاصل کی۔
فائٹ جیتنے پر رضوان علی کو پچاس لاکھ روپے انعامی رقم سے نوازا گیا۔ دبئی ارینا میں شائقین نے پاکستانی فائٹر کے حق میں زبردست نعرے بازی کی اور قومی پرچم لہرا کر خوشی کا اظہار کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ فائٹ دیکھنے کے لیے یو ایف سی کے عالمی چیمپئن خمزت چمیائف بھی خصوصی طور پر موجود تھے۔ فائٹ کے اختتام پر وہ خود رِنگ میں آئے اور رضوان علی کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا۔
میڈیا سے گفتگو میں رضوان علی نے کہا کہ وہ جلد یو ایف سی میں شرکت کرنے جا رہے ہیں، جس کے بعد وہ یو ایف سی میں حصہ لینے والے پہلے پاکستانی فائٹر بن سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا، "یہ کامیابی میں پوری قوم اور پاک فوج کے نام کرتا ہوں۔ بھارتی حریف سے ہاتھ نہیں ملایا کیونکہ فائٹ سے پہلے ہی اسے بتا دیا تھا کہ میں اُسے شکست دوں گا — پاکستان سے بڑھ کر کچھ نہیں۔”
رضوان علی نے اپنی کامیابی کا کریڈٹ ایم ایم اے فیڈریشن پاکستان اور بالخصوص صدر عمر احمد کو دیا جنہوں نے ہر مرحلے پر ان کا ساتھ دیا۔
