کراچی: وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ای چالان سسٹم کے تحت پہلا چالان معاف ہے مگر دوبارہ قانون کی خلاف ورزی پر چالان بھرنا ہوگا۔
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی ملاقات ہوئی جس دوران آئی جی نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر وزیراعلی سندھ کو رپورٹ پیش کی۔
پولیس رپورٹ میں بتایا گیا کہ ای ٹکٹنگ سسٹم کے تحت35 سرکاری گاڑیوں کا چالان کیا ہے، سیٹ بیلٹ، جمپنگ ریڈ لائیٹس، ٹینٹڈ گلاسز اورموبائل کےاستعمال پر گاڑیوں کا ای-چالان ہوا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپنی حفاظت کی خاطر ٹریفک قوانین کی پاسداری کریں، میں نے پہلے چالان کی معافی کی ہدایت جاری کردی ہے، جو دوبارہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرے گا اس کو چالان ادا کرنا ہوگا۔
اس موقع پر آئی جی سندھ نے بتایا کہ کہ پہلی مرتبہ ای چالان ہونے پر 10 دن میں رابطہ کر کے معافی کے ساتھ فیس معاف ہوسکتی ہے۔
وزیرعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ ای ٹکٹنگ سسٹم کے تحت لیاری ایکسپریس وے پر 28 اکتوبر کوپولیس گاڑی کا پہلا چالان کیا گیا، پولیس کی سرکاری گاڑی SPE-950 کو سیٹ بیلٹ خلاف ورزی پر چالان کیا گیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ پولیس کا جدید ای ٹکٹنگ سسٹم مؤثر ثابت ہو رہا ہے، پولیس بھی قانون سے بالاتر نہیں، تمام شہریوں کے مساوی حقوق ہیں، قانون پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

