سلامتی کونسل کا شامی صدر احمد الشرع اور وزیر داخلہ انس خطاب پر عائد عالمی پابندیاں ختم کرنے کا فیصلہ

0

اقوام متحدہ  — اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے شامی صدر احمد الشرع اور وزیر داخلہ انس حسن خطاب کے نام عالمی پابندیوں کی فہرست سے خارج کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

العربیہ کے مطابق، یہ فیصلہ امریکی قرارداد کے حق میں ہونے والی ووٹنگ کے نتیجے میں سامنے آیا، جس کے حق میں 14 ارکان نے ووٹ دیا، جبکہ چین نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ احمد الشرع اور انس خطاب کے نام ان افراد اور گروہوں کی فہرست سے حذف کیے جاتے ہیں جنہیں ماضی میں داعش اور القاعدہ سے منسلک قرار دیا گیا تھا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب صدر احمد الشرع آئندہ ہفتے امریکا کا سرکاری دورہ کرنے والے ہیں۔

برازیل میں موسمیاتی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر احمد الشرع نے کہا کہ “شام تمام چیلنجوں پر قابو پانے اور تعمیرِ نو کے مرحلے کی جانب بڑھنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔”

انہوں نے مزید کہا کہ شامی حکومت کی حکمتِ عملی ملک کی بحالی، ترقی اور بین الاقوامی معاہدوں کی پاسداری پر مرکوز ہے، جبکہ دمشق پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے پُرعزم ہے۔

شامی وزیر اطلاعات حمزہ مصطفیٰ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم "ایکس (X)” پر اپنے بیان میں کہا “سلامتی کونسل کا فیصلہ شامی سفارت کاری کی کامیابیوں میں ایک نیا سنگِ میل ہے۔”

ان کے مطابق، یہ پیش رفت امریکی حمایت یافتہ قرارداد کے نتیجے میں ممکن ہوئی، جس میں صدر احمد الشرع اور وزیر داخلہ انس خطاب پر عائد عالمی پابندیاں ختم کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے رواں سال مئی میں اعلان کیا تھا کہ واشنگٹن شام پر عائد اقتصادی پابندیوں کو نرم کرنے پر غور کر رہا ہے۔
امریکا گذشتہ کئی ماہ سے 15 رکنی سلامتی کونسل پر زور دے رہا ہے کہ وہ جنگ زدہ شام پر دباؤ میں کمی کے لیے عملی اقدامات کرے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.