انقرہ / زگریب – ترکیہ کے محکمۂ جنگلات کا طیارہ کروشیا میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں طیارے کا پائلٹ جاں بحق ہوگیا۔ ترک حکام نے طیارے کا ملبہ ملنے کی تصدیق کر دی ہے۔
ترک میڈیا کے مطابق وزیرِ زراعت و جنگلات ابراہیم یومکلی نے بتایا کہ ترک ڈائریکٹوریٹ آف فارسٹری کے آگ بجھانے والے دو طیارے مرمت اور دیکھ بھال کے لیے کروشیا کے زگریب ایئرپورٹ پر موجود تھے۔ دونوں طیاروں اور عملے نے وہاں رات قیام کیا اور اگلے روز ترکی روانہ ہونا تھا۔
وزیر نے بتایا کہ شیڈول کے مطابق دونوں طیارے زگریب سے اڑان بھر کر ترکی کے لیے روانہ ہوئے، تاہم موسم کی خرابی کے باعث انہیں ریجیکا ایئرپورٹ واپس آنے کی ہدایت کی گئی۔ اس دوران دو میں سے ایک طیارہ واپس نہ آسکا اور مقامی وقت کے مطابق شام 6:25 پر رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔
بعدازاں تلاش کے عمل کے دوران طیارے کا ملبہ مل گیا، اور حکام نے پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔
ترک صدر رجب طیب اردوان نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ رواں ہفتے ایک اور ترک طیارہ حادثے کا شکار ہوا تھا، جس میں 20 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔
