امریکی سعودی سرمایہ کاری کانفرنس: 270 ارب ڈالر کے معاہدے، سعودی عرب میں ریئرارتھ ریفائنری قائم کرنے پر اتفاق

0

واشنگٹن میں منعقدہ امریکی سعودی سرمایہ کاری کانفرنس میں دونوں ممالک کے درمیان 270 ارب ڈالر مالیت کے بڑے اقتصادی معاہدے طے پا گئے، جن میں عالمی سطح پر اہمیت کے حامل ریئرارتھ ریفائنری کے قیام کا منصوبہ بھی شامل ہے۔

کانفرنس میں طے پانے والے معاہدوں کے مطابق ایم پی مٹیریلیز، سعودی کمپنی "مادن” اور امریکی پینٹاگون مشترکہ طور پر سعودی عرب میں ایک جدید ریئرارتھ ریفائنری قائم کریں گے۔ اس منصوبے کا مقصد عالمی نایاب معدنیات (Rare Earth Minerals) کی سپلائی چین کو متنوع بنانا اور دفاعی و صنعتی ضروریات کو بہتر طریقے سے پورا کرنا ہے۔

جوائنٹ وینچر کے تحت مادن کمپنی 51 فیصد جبکہ ایم پی مٹیریلیز اور پینٹاگون مجموعی طور پر 49 فیصد شیئرز رکھیں گے۔ منصوبے کی مالی اعانت پینٹاگون کرے گا جبکہ ایم پی مٹیریلیز براہ راست سرمایہ کاری نہیں کرے گی۔ ریفائنری سعودی عرب میں قائم کی جائے گی تاکہ مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی اور دفاعی شعبے سے متعلق ضروریات مقامی سطح پر پوری کی جاسکیں۔

کانفرنس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خصوصی شرکت کی۔ دونوں رہنماؤں نے اقتصادی تعاون، دفاعی شراکت داری اور مصنوعی ذہانت سمیت کئی شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ سعودی عرب امریکا کا اہم ترین نیٹو اتحادی ہے اور دونوں ممالک کا اتحاد پہلے سے زیادہ مضبوط ہوا ہے۔
ولی عہد محمد بن سلمان نے بھی خطاب میں کہا کہ سعودی عرب اور امریکا کے تعلقات تاریخی اہمیت رکھتے ہیں، اور توانائی، دفاع اور اے آئی ٹیکنالوجی میں ہونے والی سرمایہ کاری دونوں ممالک کی معاشی ترقی کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.