سکھر میں دوسری لوک سہائتا انٹرنیشنل میراتھن: مراکش کے الیوسوف عبدالماجد نے ٹائٹل اپنے نام کر لیا

0

سکھر — سکھر میں منعقد ہونے والی دوسری لوک سہائتا انٹرنیشنل میراتھن ریس مراکش کے ایتھلیٹ الیوسوف عبدالماجد نے جیت لی، جنہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی پوزیشن حاصل کی۔

عالمی معیار کی اس میراتھن ریس کا آغاز آئی بی اے پبلک اسکول سکھر سے ہوا، جہاں 42.195 کلومیٹر طویل میراتھن میں اٹلی، کینیڈا، جاپان، مراکش، برطانیہ سمیت 10 مختلف ممالک کے 28 بین الاقوامی ایتھلیٹس جبکہ ملک بھر سے 3 ہزار سے زائد کھلاڑیوں نے شرکت کی۔

فاتح الیوسوف عبدالماجد نے 42.195 کلومیٹر کا فاصلہ 2 گھنٹے 22 منٹ اور 35 سیکنڈ میں طے کر کے سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔
ایتھوپیا کے میتھیرو نیبرو نے 2 گھنٹے 28 منٹ اور 48 سیکنڈ میں فاصلہ مکمل کر کے دوسری پوزیشن حاصل کی، جبکہ کینیا کے جیکسن مائینیا نے 2 گھنٹے 31 منٹ اور 6 سیکنڈ میں ریس مکمل کر کے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

خواتین کے مقابلوں میں 10 کلومیٹر ریس کینیا کی میونی متوکو نے جیت لی، جنہوں نے یہ فاصلہ 40 منٹ 25 سیکنڈ میں مکمل کیا۔
دوسری پوزیشن جاپان کی یوکو لگوچی نے حاصل کی جنہوں نے 40 منٹ 49 سیکنڈ میں ریس مکمل کی، جبکہ تیسری پوزیشن لاہور سے تعلق رکھنے والی ماہ نور افضل کے حصے میں آئی جنہوں نے 43 منٹ میں فاصلہ طے کیا۔

منتظمین کے مطابق میراتھن کے فاتح کو 15 لاکھ روپے نقد انعام دیا جائے گا، جبکہ ٹاپ 20 ایتھلیٹس کو بھی نمایاں کارکردگی پر نقد انعامات سے نوازا جائے گا۔

اس عالمی میراتھن کا مقصد کھیلوں کے فروغ، صحت مند سرگرمیوں کے شعور اور بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنا ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.