بگ بیش لیگ: پرتھ اسکارچرز نے سڈنی تھنڈر کو 71 رنز سے شکست دے دی
سڈنی — بگ بیش ٹی ٹوئنٹی لیگ میں پرتھ اسکارچرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سڈنی تھنڈر کو 71 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستانی آل راؤنڈر شاداب خان اس میچ میں کوئی خاص اثر نہ ڈال سکے، انہوں نے ایک وکٹ حاصل کی اور بیٹنگ میں صرف 4 رنز بنا سکے۔
سڈنی میں کھیلے گئے میچ میں پرتھ اسکارچرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز اسکور کیے۔
ایشٹن ٹرنر کی دھواں دار اننگز
پرتھ اسکارچرز کی جانب سے ایشٹن ٹرنر نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 8 چوکے شامل تھے۔
ایرن ہارڈی اور کوپر کونولی نے 28، 28 رنز کی معاون اننگز کھیلیں۔
سڈنی تھنڈر کی جانب سے ڈینیئل سیمز نے 4 وکٹیں حاصل کیں، ریس ٹوپلے نے 2 جبکہ شاداب خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سڈنی تھنڈر کی بیٹنگ ناکام
203 رنز کے ہدف کے تعاقب میں سڈنی تھنڈر کی پوری ٹیم 18ویں اوور میں 131 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
میتھیو جائکز نے 33، ڈیوڈ وارنر نے 25 اور سیم کونٹس نے 21 رنز بنائے۔
پرتھ اسکارچرز کی باؤلنگ میں ایرن ہارڈی، کوپر کونولی، جوئیل پیرس اور براڈی کراؤچ نے دو، دو وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔