مقبوضہ کشمیر: کرکٹر فرقان بھٹ کو ہیلمٹ پر فلسطینی پرچم لگانے پر پابندی کا سامنا، پولیس نے طلب کرلیا
سرینگر — مقبوضہ جموں و کشمیر کے کرکٹر فرقان بھٹ کو مقامی کرکٹ میچ کے دوران اپنے ہیلمٹ پر فلسطینی پرچم لگانے پر پابندی اور پولیس کارروائی کا سامنا کرنا پڑ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ معاملہ اس وقت سامنے آیا جب جموں و کشمیر چیمپئنز لیگ کے ایک میچ کے دوران فرقان بھٹ کے ہیلمٹ پر فلسطینی پرچم کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔ ویڈیوز منظر عام پر آتے ہی بھارتی پولیس نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے کرکٹر اور ٹورنامنٹ کے منتظمین کو وضاحت کے لیے طلب کر لیا۔
جموں پولیس کے مطابق ایک کھلاڑی اور ٹورنامنٹ کے ایک منتظم کو فلسطینی پرچم کے استعمال سے متعلق پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا ہے۔ پولیس اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ یہ اقدام کس نیت سے کیا گیا اور آیا اس کے پیچھے کوئی سیاسی محرک موجود تھا یا نہیں۔
دوسری جانب جموں و کشمیر کرکٹ ایسوسی ایشن نے اس معاملے سے لاتعلقی اختیار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ جموں و کشمیر چیمپئنز لیگ کوئی سرکاری یا منظور شدہ ٹورنامنٹ نہیں اور فرقان بھٹ کا ایسوسی ایشن سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
پولیس کی تحقیقات جاری ہیں، تاہم اس دوران ٹورنامنٹ انتظامیہ نے فرقان بھٹ پر آئندہ لیگ میچز کھیلنے پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر دیا ہے، جس پر سوشل میڈیا پر مختلف ردِعمل سامنے آ رہے ہیں۔