ٹرمپ کی ایران کو وارننگ: پُرامن مظاہرین پر گولیاں چلی تو امریکا مدد کو آئے گا
واشنگٹن — امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران میں جاری مظاہروں کے دوران مظاہرین کے خلاف طاقت کے مبینہ استعمال پر سخت ردِعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پُرامن مظاہرین پر تشدد کیا گیا تو امریکا ان کی مدد کے لیے مداخلت کر سکتا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ نے ایران میں جاری عوامی مظاہروں کا حوالہ دیتے ہوئے تہران کو براہِ راست خبردار کیا۔ انہوں نے لکھا کہ اگر ایرانی حکام پُرامن مظاہرین کو قتل کرتے ہیں یا ان پر گولیاں چلاتے ہیں، جیسا کہ ماضی میں ہوتا رہا ہے، تو امریکا خاموش تماشائی نہیں بنے گا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے پیغام میں کہا کہ امریکا ایسے کسی بھی اقدام کی صورت میں مظاہرین کے بچاؤ کے لیے سامنے آئے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ “ہم فوری کارروائی کے لیے تیار ہیں”۔
صدر ٹرمپ کے اس بیان کو ایران کے اندرونی معاملات پر ایک سخت اور غیر معمولی موقف قرار دیا جا رہا ہے، جبکہ ماہرین کے مطابق اس بیان سے مشرقِ وسطیٰ میں پہلے سے موجود کشیدگی میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔
ایرانی حکام کی جانب سے تاحال اس بیان پر کوئی باضابطہ ردِعمل سامنے نہیں آیا۔