اسرائیل اور شام کے درمیان مشترکہ انٹیلی جنس و سفارتی میکنزم قائم
پیرس میں امریکی قیادت میں ہونے والے مذاکرات میں اسرائیل اور شام نے ایک مشترکہ انٹیلی جنس اور سفارتی میکنزم قائم کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔
اعلان کے مطابق یہ میکنزم فوجی کشیدگی کو کم کرنے، فوری تنازعات کو حل کرنے اور دونوں ملکوں کے درمیان غلط فہمیوں سے بچنے کے لیے ایک مستحکم پلیٹ فارم فراہم کرے گا۔ اس کے ساتھ ہی یہ رابطہ تجارتی مواقع اور سفارتی تعلقات کے فروغ میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل اور شام کے درمیان گزشتہ ایک سال سے وقفے وقفے سے مذاکرات جاری تھے جن کا مقصد ایسا سکیورٹی فریم ورک تیار کرنا تھا جو اسرائیل کے شام پر حملوں کے سلسلے کو ختم کر سکے۔
امریکا نے اس پیشرفت کو مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کی طرف ایک اہم قدم قرار دیا ہے، جبکہ شامی وزیر خارجہ اور اسرائیلی حکام نے اس میکنزم کے ذریعے خطے میں استحکام اور تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔