پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کے مالکان سے وزیر اعظم کی ملاقات، بڈنگ عمل کو شفاف قرار دے دیا

0

اسلام آباد – وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے پاکستان سپر لیگ میں دو نئی ٹیموں کی بڈنگ جیتنے والی کمپنیوں کے نمائندگان نے ملاقات کی، جس میں سیالکوٹ کی ٹیم حاصل کرنے والی فرم ’او زیڈ ڈیویلپر‘ کے حمزہ مجید اور حیدرآباد کی ٹیم کی مالک فرم ’ایف کے ایس‘ کے فواد سرور شریک تھے۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم نے دونوں نمائندگان کو کامیاب بڈنگ پر مبارکباد دی اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے بڈنگ کے شفاف اور کامیاب انعقاد پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ سید محسن رضا نقوی اور پی سی بی مینجمنٹ کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کی نئی ٹیموں کے لیے بولی کا عمل براہ راست ٹیلی ویژن پر نشر کیا گیا، جو اس کی شفافیت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ دو نئی ٹیموں کی شمولیت سے گراس روٹ سطح پر کرکٹ کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کے سامنے آنے میں مدد ملے گی اور یہ ٹیمیں پی ایس ایل کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوں گی۔

شہباز شریف نے اس امر کو بھی خوش آئند قرار دیا کہ نئی ٹیموں کی بڈنگ میں ملکی و غیر ملکی کمپنیوں نے بھرپور دلچسپی دکھائی، جس سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار مقیم پاکستانی ہمیشہ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے آئے ہیں اور پی ایس ایل کی مقبولیت میں بھی ان کا حصہ نمایاں ہے۔

ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ و چیئرمین پی سی بی محسن نقوی اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی موجود تھے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.