میکسیکو صدر نےمنشیات مافیا کے خلاف امریکی فوجی آپریشن کی درخواست کو مسترد کردیا
نیو یارک / واشنگٹن – امریکا نے میکسیکو پر دباؤ بڑھا دیا ہے کہ وہ امریکی فوج کو اپنے ہاں منشیات سے متعلق مافیاز اور ان کے مراکز تباہ کرنے کی اجازت دے۔ نیو یارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق امریکی حکام چاہتے ہیں کہ میکسیکو کے سپاہیوں کے ساتھ مل کر سی آئی اے اور امریکی فوج کے افسران بھی کارروائی کریں اور منشیات تیار کرنے والی لیبارٹریز کو منہدم کریں۔
رپورٹ میں امریکی حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام خاص طور پر منشیات کی تیاری اور ترسیل کے بڑے نیٹ ورکس کو نشانہ بنانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ تاہم حکام کے نام ظاہر نہیں کیے گئے۔
میکسیکو کے صدر کلاڈیا شین بام نے کہا کہ صدر ٹرمپ کے ساتھ ان کی بات چیت مثبت رہی، جس میں سکیورٹی اور منشیات کی نقل و حمل کے معاملات پر بات ہوئی، لیکن انہوں نے پہلے بھی امریکی فوجی کارروائی کی اجازت دینے کی درخواست کو مسترد کیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کی جانب سے میکسیکو میں اس نوعیت کی کارروائی کی خواہش وینزویلا میں امریکی کارروائی کے بعد سامنے آئی، جس میں 3 جنوری کو امریکی اہلکار صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو دارالحکومت سے ہٹایا تھا۔