ساف فٹسال چیمپین شپ 2026: پاکستان نے بنگلہ دیش کو 1-5 سے شکست دے کر تیسری فتح حاصل کر لی
پاکستان نے پہلی ساؤتھ ایشین فٹسال چیمپین شپ 2026 میں شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے بنگلہ دیش کو 1-5 سے شکست دے کر ایونٹ میں اپنی تیسری کامیابی حاصل کر لی۔
ساؤتھ ایشین فٹبال فیڈریشن (SAFF) کے تحت تھائی لینڈ کے دارالحکومت بینکاک میں جاری ٹورنامنٹ کے اپنے پانچویں میچ میں قومی فٹسال ٹیم نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے بنگلہ دیش کو مکمل طور پر آؤٹ کلاس کر دیا، جس کے بعد پاکستان پوائنٹس ٹیبل پر دوسری پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں اب تک پاکستان نے پانچ میچز کھیلے ہیں جن میں تین میں کامیابی حاصل کی، ایک میچ میں شکست ہوئی جبکہ ایک مقابلہ برابر رہا۔ قومی ٹیم نے مجموعی طور پر 10 پوائنٹس حاصل کر لیے ہیں۔ ان پانچ میچز میں پاکستان نے 19 گول اسکور کیے جبکہ اس کے خلاف 16 گول ہوئے۔
ایونٹ کے آغاز میں پاکستان کو پہلے میچ میں مالدیپ کے ہاتھوں 7-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم اس کے بعد قومی ٹیم نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے دوسرے میچ میں بھوٹان کو 2-4 سے شکست دی۔ تیسرے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 2-5 سے قابو کیا جبکہ چوتھے میچ میں مضبوط نیپالی ٹیم کے خلاف مقابلہ 4-4 سے برابر رہا۔
فیفا فٹسال عالمی رینکنگ میں 138 ویں نمبر پر موجود پاکستان نے اپنے سے ایک درجہ کم رینکنگ رکھنے والی بنگلہ دیشی ٹیم کے خلاف اعتماد اور مہارت سے بھرپور کھیل پیش کرتے ہوئے واضح برتری حاصل کی۔
قومی فٹسال ٹیم اب ٹورنامنٹ کے اپنے آخری اور انتہائی اہم میچ میں پیر کے روز روایتی حریف بھارت کے مدمقابل آئے گی، جہاں فتح کی صورت میں پاکستان کی پوزیشن مزید مستحکم ہونے کا امکان ہے۔