آئی ایم ایف کی سربراہ کی وزیرِ اعظم شہباز شریف کی معاشی اصلاحات کی بھرپور تعریف

0

ڈیوس عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کی معاشی اصلاحات کو سراہتے ہوئے ان کی قیادت اور عزم کی تعریف کی ہے۔

عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیوس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کرسٹالینا جارجیوا نے کہا کہ وہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کی تہہ دل سے عزت کرتی ہیں اور ان کی حکومت کی جانب سے متعارف کرائی گئی معاشی اصلاحات قابلِ تحسین ہیں۔

آئی ایم ایف کی سربراہ کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف جب کسی کام کا عزم کر لیتے ہیں تو اسے پایۂ تکمیل تک پہنچا کر ہی دم لیتے ہیں، جو کسی بھی ملک کی معاشی بحالی کے لیے نہایت اہم صلاحیت ہے۔

واضح رہے کہ عالمی اقتصادی فورم کے 56ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف اور آئی ایم ایف کی مینیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا کے درمیان اہم ملاقات ہوئی۔

جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وزیرِ اعظم نے ایم ڈی آئی ایم ایف کو پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریوں میں نمایاں بہتری سے آگاہ کیا، جبکہ عالمی اقتصادی صورتحال اور ابھرتی معیشتوں کو درپیش چیلنجز پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

اعلامیے کے مطابق فریقین نے اقتصادی استحکام کے تحفظ کے لیے کثیرالجہتی تعاون کی اہمیت پر اتفاق کیا۔ وزیرِ اعظم نے ادارہ جاتی اصلاحات میں ہونے والی پیش رفت سے بھی آگاہ کرتے ہوئے مالیاتی نظم و ضبط، محصولات میں اضافے اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.