اسپین تیز رفتار ٹرین حادثے کے متاثرین کو 24 ملین ڈالر معاوضہ دے گا

0

میڈرڈ  – اسپین کی حکومت نے گزشتہ ہفتے پیش آنے والے ہولناک تیز رفتار ٹرین حادثے کے متاثرین کو 20 ملین یورو (تقریباً 24 ملین ڈالر) معاوضہ دینے کا اعلان کر دیا ہے۔اسپین کے وزیرِ ٹرانسپورٹ آسکر پیونٹے نے منگل کے روز بتایا کہ یہ معاوضہ اس حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد اور ان کے اہلِ خانہ کو فراہم کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 18 جنوری کو جنوبی شہر قرطبہ کے قریب آدموز کے مقام پر تیز رفتار ٹرین حادثے کا شکار ہو گئی تھی، جس کے نتیجے میں 45 افراد ہلاک جبکہ 150 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔ یہ حادثہ حالیہ یورپی تاریخ کے بدترین ٹرین سانحات میں شمار کیا جا رہا ہے اور 2013 کے بعد اسپین کا سب سے ہلاکت خیز ریلوے حادثہ قرار دیا گیا ہے۔

وزیرِ ٹرانسپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کو تین ماہ کے اندر اندر فی کس 2 لاکھ 16 ہزار یورو ادا کیے جائیں گے۔ اس رقم میں شامل ہیں:

  • حکومت کی جانب سے ٹیکس فری امداد

  • 72 ہزار یورو کی پیشگی انشورنس ادائیگی

  • 72 ہزار یورو لازمی سفری انشورنس کے تحت

آسکر پیونٹے کا کہنا تھا کہ”ہم جانتے ہیں کہ قانونی اور سرکاری طریقۂ کار اکثر ایسے سانحات کی فوری نوعیت کا ساتھ نہیں دے پاتے، لیکن متاثرین کو برسوں انتظار پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ مالی بے یقینی کو جذباتی تکلیف پر مزید بوجھ نہیں بننے دیا جائے گا۔”انہوں نے مزید بتایا کہ زخمی مسافروں کو 2 ہزار 400 یورو سے لے کر 84 ہزار یورو تک معاوضہ دیا جائے گا، جس کا انحصار زخموں کی نوعیت اور شدت پر ہوگا۔

حادثے کے بعد وزیرِ ٹرانسپورٹ کو شدید عوامی دباؤ کا سامنا ہے، خصوصاً گزشتہ دنوں کاتالونیا میں ایک ٹرین ڈرائیور کی ہلاکت اور دو مزید تکنیکی حادثات کے بعد اپوزیشن جماعت پیپلز پارٹی نے ان سے استعفیٰ کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔اپنے ممکنہ استعفے سے متعلق سوال پر آسکر پیونٹے نے کہا کہ ان کا ضمیر مطمئن ہے اور وہ شہریوں تک تمام دستیاب معلومات پہنچانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

دوسری جانب، کاتالان مسافر ریل سروس روڈالیز کو بھی گزشتہ ہفتے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جہاں متعدد ڈرائیوروں نے حفاظتی خدشات کے باعث کام کرنے سے انکار کر دیا، جس کے نتیجے میں ہزاروں مسافر پھنس گئے۔ بعد ازاں پیر کے روز سافٹ ویئر خرابی کے باعث ٹرین ٹریفک کنٹرول سینٹر بھی عارضی طور پر ناکارہ ہو گیا تھا۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.