چین نے ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں سے خبردار کیا، مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی کم کرنے پر زور
اقوام متحدہ – اقوامِ متحدہ میں چین کے مستقل مندوب فو کونگ نے ایران کے خلاف کسی بھی قسم کی فوجی کارروائی کے خطرات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کا استعمال مسائل کا حل نہیں اور ایسے اقدامات مشرقِ وسطیٰ کو غیر یقینی صورتحال میں دھکیل سکتے ہیں۔
شنہوا کے مطابق فو کونگ نے سلامتی کونسل میں مشرقِ وسطیٰ بشمول فلسطین پر ہونے والے ایک کھلے مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی موجودہ صورتحال عالمی توجہ کا مرکز بن گئی ہے اور جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں، جس سے خطے میں کشیدگی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
چینی مندوب نے زور دیا کہ ایران ایک خودمختار ریاست ہے اور اس کے داخلی معاملات کا فیصلہ ایرانی عوام کو خود کرنا چاہیے۔ انہوں نے تمام فریقین پر کہا کہ اقوامِ متحدہ کے چارٹر کے مقاصد اور اصولوں کی پاسداری کریں، دیگر ممالک کے داخلی امور میں مداخلت سے گریز کریں اور بین الاقوامی تعلقات میں طاقت کے استعمال یا دھمکی کو مسترد کریں۔
فو کونگ نے مزید کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کے عوام کا خطہ ہے اور اسے بڑی طاقتوں کی رقابت یا دیگر ممالک کی جغرافیائی سیاسی کشمکش کا میدان نہیں بنایا جانا چاہیے۔ چین عالمی برادری کے ساتھ مل کر خطے کے عوام کے آزادانہ فیصلوں کا احترام کرنے اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔