وادی تیراہ کے علاقے میدان سے نقل مکانی کے دوسرے مرحلے کا آغاز ہوگیا

0

ضلع خیبر کی  وادی تیراہ کے علاقے میدان سے نقل مکانی کرنے والے متاثرہ خاندانوں کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے پہلے مرحلے کی تکمیل اور دوسرے مرحلے کے باقاعدہ آغاز کی تصدیق کردی۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق پہلے مرحلے کے دوران علاقہ میدان سے مجموعی طور پر 30 ہزار 945 خاندانوں نے نقل مکانی کی، اس مرحلے میں متاثرہ خاندانوں کی رجسٹریشن مکمل کی گئی اور انہیں گاڑی کے کرائے کی مد میں ادائیگیاں کی گئیں تاکہ محفوظ نقل مکانی کو یقینی بنایا جا سکے۔

حکام نے بتایا کہ 12 فروری سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کی اسکروٹنی اور دوبارہ تصدیق کا عمل شروع کیا گیا جو 16 فروری تک جاری رہا، اس عمل کا مقصد امدادی رقوم کی منصفانہ تقسیم، ڈیٹا کی درستگی اور شفافیت کو یقینی بنانا تھا۔

ضلعی انتظامیہ کے حکام نے مزید بتایا کہ نقل مکانی کا دوسرا مرحلہ گزشتہ روز شروع کردیا گیا ہے جس کے تحت مالی امداد کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک ایک ہزار 978 خاندانوں کو موبائل سم کے ذریعے فی خاندان ڈھائی لاکھ روپے فراہم کیے جا چکے ہیں جب کہ باقی متاثرین کو بھی مرحلہ وار امدادی رقوم ادا کی جا رہی ہیں۔

حکام کے مطابق میدان سے نقل مکانی کا سلسلہ 10 جنوری سے شروع ہو کر 11 فروری تک جاری رہا جب کہ دوسرے مرحلے میں خصوصی توجہ مالی معاونت کی بروقت ادائیگی اور مستحق خاندانوں کی مکمل تصدیق پر مرکوز ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.