اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے دارالحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی اور ڈیجیٹل نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے موٹر سائیکلوں کی باقاعدہ ڈیجیٹل ٹیگنگ شروع کر دی ہے۔ موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگز لگانے کا سلسلہ 20 فروری سے شروع ہوا۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کے ذریعے شہر میں چلنے والی تمام موٹر سائیکلوں کا مکمل ریکارڈ دستیاب ہوگا، جس سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو فوری شناخت اور ٹریکنگ میں مدد ملے گی۔
حکام نے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے فوری طور پر اپنی موٹر سائیکل پر ایم ٹیگ چسپاں کرنے کو یقینی بنائیں اور متعلقہ حکام کے ساتھ تعاون کریں۔
رجسٹریشن کے لیے شہریوں کو اپنی موٹر سائیکل کے کاغذات اور اصل شناختی کارڈ ساتھ لے جانا ہوگا، جہاں چند منٹ میں ٹیگ جاری کر کے موٹر سائیکل پر چسپاں کر دیا جائے گا۔ موٹر بائیکس پر لگائے جانے والے ایم ٹیگ کی قیمت 250 روپے مقرر کی گئی ہے۔
اسلام آباد میں مختلف مقامات پر موٹر سائیکلوں پر ایم ٹیگ لگانے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، جن میں جناح پارک ایف نائن، گلبرگ گرین، ملپور، فیض آباد، گندم گودام نزد تھانہ سبزی منڈی، دامنِ کوہ ، ٹیولپ ہوٹل، روات ٹی کراس، نائنتھ ایونیو اور مارگلہ ایونیو شامل ہیں۔ شہری اپنی سہولت کے مطابق ان مقامات پر جا کر ایم ٹیگ لگوا سکتے ہیں۔