شمالی کوریا: کم جونگ اُن دوبارہ حکمران منتخب

0

شمالی کوریا کی حکمراں جماعت ورکرز پارٹی آف کوریا کے نیشنل کانگریس نے پانچ برس بعد منعقد ہونے والے اہم اجلاس میں کم جونگ اُن کو متفقہ طور پر دوبارہ جنرل سیکریٹری منتخب کرلیا، جس کے بعد وہ بدستور ملک کے سب سے طاقتور رہنما کی حیثیت برقرار رکھیں گے۔

عالمی خبر رساں اداروں کے مطابق کانگریس میں ہزاروں پارٹی نمائندوں، اعلیٰ سرکاری عہدیداروں اور فوجی قیادت نے شرکت کی، جہاں کم جونگ اُن کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے آئندہ مدت کے لیے پارٹی پالیسیوں، دفاعی حکمتِ عملی اور معاشی سمت کو ان کی قیادت میں جاری رکھنے کی توثیق بھی کی۔

اجلاس کے دوران فوجی قیادت نے بھی کم جونگ اُن سے غیر متزلزل وفاداری کا اعادہ کیا، جو شمالی کوریا کے سیاسی نظام میں فوج کے کلیدی کردار کو ظاہر کرتا ہے۔ مبصرین کے مطابق اس اقدام سے داخلی سطح پر طاقت کے ڈھانچے کے تسلسل اور پالیسیوں کے استحکام کا پیغام دیا گیا ہے۔

ادھر چین کے صدر شی جن پنگ نے کم جونگ اُن کو دوبارہ انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بیجنگ پیانگ یانگ کے ساتھ روایتی دوستی کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

سیاسی تجزیہ کاروں کے مطابق کم جونگ اُن کی دوبارہ تقرری سے شمالی کوریا کی موجودہ دفاعی پالیسی، جوہری پروگرام اور ریاستی کنٹرول پر مبنی معاشی ماڈل میں کسی بڑی تبدیلی کے امکانات کم ہیں، جبکہ چین کے ساتھ قریبی روابط برقرار رہنے کی توقع ہے۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.