وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ایران پر حالیہ حملے انتہائی افسوسناک اور اس پر دلی رنج ہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے ہرممکن سفارتی، اخلاقی طریقے سے ایران کی حمایت کی، اقوام متحدہ میں بھی پاکستان نے ایران پر حملے کی مذمت کی، پاکستان کی مذہبی جماعتوں اور عوام سے تحمل کی اپیل ہے۔
وزیردفاع نے کہا کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے ہم اپنے جذبات کو قابو میں رکھیں، قومی اتحاد اور استحکام ہی اس وقت پاکستان کی اصل طاقت ہے، احتجاج پرامن رکھیں اور ملک کےاندر بدامنی یا نقصان سے بچیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا ہے آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت پرپاکستان کا ہر شہری غمزدہ ہے۔ شہری قانون کو ہاتھ میں نہ لیں، شہری پرامن طریقے سے احتجاج کریں۔
واضح رہے کہ ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کےخلاف کراچی کے مختلف علاقوں میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا۔ ایم ٹی خان روڈ پر پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں ہوئیں۔ ہنگامہ آرائی کے دوران 10 افراد جاں بحق ہوگئے۔
امریکی قونصل خانے میں مظاہرین نے توڑ پھوڑ کی اور پولیس چوکی کو آگ لگادی۔ پولیس کی مزید نفری نے موقع پر پہنچ کر حالات کنٹرول کرلیے۔ نمائش چورنگی پر مظاہرین کی بڑی تعداد موجود ہے۔ شاہین کمپلیکس پر بھی مظاہرین اور پولیس میں جھڑپیں ہوئیں۔ آئی آئی چندریگر روڈ کو ٹریفک کے لیے کلیئر کردیا گیا ہے۔