تہران پر نئے اسرائیلی حملے، گاندھی اسپتال نشانہ؛ شہری سڑکوں پر، “اللّٰہ اکبر” کے نعرے

0

تہران – ایرانی دارالحکومت تہران پر اتوار کی رات اور پیر کی صبح نئے اسرائیلی حملے کیے گئے جن کے بعد شہری بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل آئے اور سڑکوں پر جمع ہو کر “اللّٰہ اکبر” کے نعرے لگاتے رہے۔

عرب میڈیا کے مطابق شمالی تہران میں واقع گاندھی اسپتال کو میزائل حملے میں نشانہ بنایا گیا جس سے عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ حملوں کے نتیجے میں اسپتال کے مختلف حصے متاثر ہوئے جبکہ قریبی رہائشی عمارتیں بھی زد میں آئیں۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شہر کے مختلف علاقوں میں دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور فضائی دفاعی نظام کو بھی متحرک دیکھا گیا۔ سوشل میڈیا پر سامنے آنے والی ویڈیوز میں تباہ شدہ اسپتال کے اندر انکیوبیٹر میں موجود ایک کمسن بچے کو نکالتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے، جسے محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا۔

حملوں کے بعد تہران میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی جبکہ شہریوں کی بڑی تعداد نے سڑکوں پر آ کر اسرائیل اور امریکا کے خلاف احتجاج کیا۔ ایرانی حکام کی جانب سے فوری طور پر جانی نقصان کی مکمل تفصیلات جاری نہیں کی گئیں تاہم ہنگامی امدادی ٹیمیں متاثرہ مقامات پر امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

About The Author

Leave A Reply

Your email address will not be published.