پاک افغان کشیدگی: قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ پنڈی منتقل، پشاور کو سیمی فائنل اور فائنل کی میزبانی
لاہور – پاک افغان کشیدگی کے تناظر میں پاکستان کرکٹ بورڈ نے 5 مارچ سے شروع ہونے والے قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے میچز راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ پشاور کو صرف سیمی فائنلز اور فائنل کی میزبانی دی گئی ہے۔
ابتدائی شیڈول کے مطابق ٹورنامنٹ کے تمام میچز عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے تھے اور اسٹیڈیم انتظامیہ کی جانب سے تیاریاں بھی مکمل کر لی گئی تھیں۔ تاہم گزشتہ روز بورڈ نے نیا شیڈول جاری کرتے ہوئے اعلان کیا کہ 5 مارچ سے 14 مارچ تک تمام لیگ میچز پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق 16 مارچ کو دونوں سیمی فائنلز اور 17 مارچ کو فائنل پشاور میں منعقد ہوگا۔
بورڈ کی جانب سے میچز کی منتقلی کی باضابطہ وجہ بیان نہیں کی گئی، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک افغان کشیدگی کے باعث سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
کرکٹ حلقوں کے مطابق اس فیصلے سے ٹورنامنٹ کے انتظامی معاملات متاثر نہیں ہوں گے، تاہم پشاور میں مکمل میزبانی کی توقع رکھنے والے شائقین کے لیے یہ ایک غیر متوقع پیش رفت ہے۔