ٹوکیو – جاپان کے سابق فٹبالر Keisuke Honda نے انکشاف کیا ہے کہ ایران کی قومی ٹیم کی FIFA World Cup میں شرکت کی حمایت کرنے کے بعد ایک امریکی کمپنی نے ان کے ساتھ طے پانے والا اشتہاری معاہدہ منسوخ کر دیا۔
رپورٹس کے مطابق ہونڈا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم X پر ایک پیغام میں کہا تھا کہ وہ جانتے ہیں یہ ایک حساس معاملہ ہے، تاہم ذاتی طور پر وہ چاہتے ہیں کہ ایران کی قومی فٹبال ٹیم ورلڈ کپ میں شرکت کرے۔
ان کے اس بیان کے بعد ایک امریکی کمپنی نے ورلڈ کپ کے موقع پر شروع ہونے والی اشتہاری مہم کا معاہدہ روک دیا۔ مذکورہ اشتہار ٹورنامنٹ کے دوران نشر ہونا تھا، مگر فٹبالر کے بیان کے بعد اسے منسوخ کر دیا گیا۔
جاپانی سابق اسٹار نے اس فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بعض کمپنیاں اصل مسئلے کو سمجھے بغیر ایسے فیصلے کر لیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اصول اور نظریات کے بغیر کسی کے ساتھ کام جاری رکھنا ممکن نہیں۔
یاد رہے کہ حالیہ دنوں میں خطے میں بڑھتی کشیدگی اور سیاسی حالات کے باعث ایران کی قومی فٹبال ٹیم کی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے عالمی سطح پر بحث جاری ہے۔
