اسرائیلی فوج نے اعلان کیا ہے کہ اس کے دستوں نے جنوبی لبنان میں زمینی کارروائیاں شروع کر دی ہیں، جہاں حزب اللہ کے ساتھ شدید جھڑپیں جاری ہیں۔ لڑائی خاص طور پر جنوبی لبنان کے اہم شہر خيام کے اطراف میں شدت اختیار کر گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی طیاروں نے خيام شہر پر کم از کم تین فضائی حملے کیے، جبکہ قصبہ یطار کو بھی نشانہ بنایا گیا۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان کے دیگر علاقوں السوانہ، قنطارا، کرقا، سلطانیہ اور برج القلاویہ پر بھی حملے کیے۔
اسرائیلی حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد جنوبی لبنان میں اہم اہداف کو نشانہ بنا کر دفاعی پوزیشن مضبوط کرنا اور حزب اللہ کے عسکری ڈھانچے کو کمزور کرنا ہے۔ ماہرین کے مطابق خيام شہر کی اہمیت اس لیے زیادہ ہے کیونکہ یہ اسرائیلی سرحد اور لاطینی دریا کے قریب بلند مقام پر واقع ہے، جہاں سے شمالی اسرائیل اور جنوبی لبنان کے وسیع علاقوں پر نظر رکھی جا سکتی ہے۔
لبنان میں جاری حملوں کے باعث بڑے پیمانے پر نقل مکانی جاری ہے اور اب تک تقریباً آٹھ لاکھ افراد اپنے گھروں سے بے گھر ہو چکے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق لبنان میں جاری حملوں میں کم از کم 850 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
