وزیراعظم شہباز شریف نے دوحہ میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات میں علاقائی صورتحال، امن و استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم’ایکس‘ پر اپنی ایک پوسٹ میں کہا ہے کہ ان کی قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی کے ساتھ خوشگوار ماحول میں ملاقات ہوئی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور علاقائی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات میں پاکستان اور قطر کے درمیان برادرانہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا، فریقین کا سیکیورٹی، دفاع اور توانائی سمیت اہم شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوگیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے قطر کے عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا، وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان قطر اور خطے کے دیگر ممالک پر حملوں کی شدید مذمت کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ملاقات خوشگوار اور انتہائی نتیجہ خیز رہی، ہمارے طیارے کو قطری لڑاکا جہازوں کے اسکواڈ نے خصوصی پروٹوکول دیا، یہ پاکستان اور خلیجی ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کی عکاسی ہے، قطر کی میزبانی اور پاکستان سے مضبوط تعلقات کا اظہار ہے۔
اس سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورۂ قطر کے دوران ان کا شاندار اور منفرد انداز میں استقبال کیا گیا، جہاں قطری فضائیہ کے جنگی طیاروں نے ان کے طیارے کو فضائی حدود میں داخل ہوتے ہی حفاظتی حصار میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کا طیارہ جیسے ہی قطر کی فضائی حدود میں داخل ہوا تو قطری فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے اسے حفاظتی حصار میں لے کر ائیرپورٹ تک اسکارٹ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے اس پرتپاک اور باوقار استقبال پر قطری قیادت اور پائلٹس کا شکریہ ادا کیا۔
