عالمی یومِ ثقافتی تنوع برائے مکالمہ و ترقی کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ثقافتی تنوع کا عالمی دن منانے کا مقصد مکالمہ اور ترقی سے متعلق عوامی شعور بیدار کرنا ہے، تہذیب و ثقافت اور مشترکہ ورثہ کی اہمیت کا شعور رکھنے والے قابل تحسین ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان متنوع ثقافتوں، زبانوں، روایات اور اقدار کا مرکز ہے، ثقافتی تنوع قومی شناخت اور تہذیبی ورثہ ہے، ثقافتی تنوع سے اتحاد و یگانگت، مثبت اقدار، برداشت اور ہم آہنگی بھی فروغ پاتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ متنوع ثقافتی ورثہ دنیا بھر میں پنجاب کی پہچان ہے، محکمہ اطلاعات و ثقافت صوبہ بھر میں ثقافتی ورثے کے تحفظ کے سرگرم عمل ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ ثقافت کا تحفظ، ہنر مندوں اور تخلیقی کاروں کی سرپرستی ترجیحات کا حصہ ہے، پنجاب کے ہنرمندوں کی ملکی و بین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی ہمارا عزم ہے۔
