ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان بریگیڈیئر رضا طلائی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس ایران کے مطالبات تسلیم کرنے کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں ہے۔
اپنے بیان میں ایرانی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا کہ اگر امریکا نے ایران کے مطالبات قبول نہ کیے تو اسے مزید شکستوں اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جنگ اور کشیدگی کو جاری رکھنے کی صورت میں نہ صرف امریکا بلکہ پوری دنیا کو بھاری مالی نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔
بریگیڈیئر رضا طلائی کا کہنا تھا کہ خطے میں جاری صورتحال کے پیش نظر امریکا کو حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرنا ہوگا اور ایران کی پیش کردہ تجاویز کو قبول کرنا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تہران نے اپنے مؤقف اور مطالبات واضح انداز میں دنیا کے سامنے رکھ دیے ہیں اور اب فیصلہ واشنگٹن کو کرنا ہے کہ وہ مذاکرات اور سفارتی حل کا راستہ اپناتا ہے یا مزید کشیدگی کو بڑھاتا ہے۔
