چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر کا امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کے کردار کا عالمی سطح پر بھی اعتراف کیا جا رہا ہے۔
امریکی ٹی وی سی بی ایس نیوز کے مطابق فیلڈ مارشل کے دورہ تہران نے مذاکرات کو حتمی نتیجے تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
سی بی ایس نیوز کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال میں خلیجی ممالک اور لبنان جنگ کا حصہ ہیں، لیکن صرف پاکستان ہی مسودے کو حتمی شکل میں لانے میں کامیاب ہوا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل کی تہران سے واپسی پر مجوزہ مسودہ ایرانی و امریکی قیادت کو جائزے کے لیے بھیجا گیا، فیلڈ مارشل کو امریکا اور ایران دونوں کا اعتماد حاصل ہے، پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی ہم آہنگی ثالثی کا بنیادی عنصر ہیں۔
امریکی ٹی وی کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو "مائی فیورٹ فیلڈ مارشل” قرار دے چکے ہیں، پاکستانی حکومت اور فیلڈ مارشل اسلام آباد مذاکرات کے دوران خلیج کم کرنے میں اہم کردار ادا کرچکے ہیں۔
سی بی ایس نیوز کا کہنا ہے کہ ماضی میں بھی پاکستان، امریکا اور چین کے درمیان سفارتی روابط استوار کرنے میں بنیادی کردار ادا کر چکا ہے۔
