پاکستان نے ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کے بھاری بیرونی قرضے ادا کردیئے ، قرض ادائیگی کے باعث ملکی زرمبادلہ ذخائر میں کمی واقع ہوئی، اسٹیٹ بینک نے انکشاف کیا کہ بڑی ادائیگیوں کےباوجود سرکاری ڈالرذخائرمستحکم رہیں گے ۔
سٹیٹ بینک کے مطابق اسٹیٹ بینک جون 2026 کیلئے زرمبادلہ کے حوالے سے آئی ایم ایف کو دیا گیا ہدف حاصل کرلےگا، سرکاری ڈالر ذخائر 30 جون کو 18 ارب ڈالر سے تجاوز کر جائیں گے اسی طرح ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر بھی 24 ارب ڈالر کے قریب پہنچ جائیں گے ۔
سٹیٹ بینک کے مطابق بین الاقوامی اداروں سے قرض کی مد میں 70 کروڑ ڈالر موصول ہوئے ہیں جبکہ پاکستان کو کمرشل قرضے کی ری فائنانسنگ کی مد میں بھی ایک ارب 70 کروڑ ڈالرز موصول ہوئے ہیں ۔ دو ارب 40 کروڑ ڈالر کی رقم 30 جون کو زرمبادلہ ذخائر میں ظاہر ہوگی ۔ گزشتہ ہفتے اسٹیٹ بینک کے ڈالر ذخائر ادائیگیوں کے باعث کم ہوکر 15 ارب 92 کروڑ ڈالر تھے ۔ گزشتہ ہفتے کمرشل بینکوں کے پاس 5 ارب 57 کروڑ ڈالر کے ڈپازٹس تھے۔
