وفاقی ادارہ شماریات نے مالی سال 26-2025 کے تجارتی اعداد و شمار جاری کردیے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 26-2025 میں تجارتی خسارہ 39 ارب 47 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز پر پہنچ گیا۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ مالی سال تجارتی خسارے میں21.57 فیصد کا اضافہ ہوا جبکہ وفاقی حکومت نے مالی سال 26-2025 کے لیے تجارتی خسارےکا ہدف 29 ارب92 کروڑ 90 لاکھ ڈالرز مقرر کیا تھا۔
جون 2026 میں ماہانہ بنیادوں پر تجارتی خسارے میں 63.76 فیصد کا اضافہ ہوا، سالانہ بنیادوں پر جون میں تجارتی خسارہ 57.11 فیصد بڑھ گیا اور گزشتہ ماہ جون میں تجارتی خسارہ 4 ارب 52 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق مالی سال 26-2025 میں برآمدات 30 ارب 12 کروڑ 60 لاکھ ڈالرز رہیں، برآمدات میں ختم ہونے والے مالی سال میں5.97 فیصد کی کمی ہوئی جبکہ مالی سال 26-2025 کے لیے برآمدات کا ہدف 35 ارب 28 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز مقرر کیا گیا تھا۔
اس کے علاوہ مالی سال 26-2025 میں درآمدات کا حجم 69 ارب 59 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز رہا، مالی سال 26-2025 میں درآمدات میں7.89 فیصد کا اضافہ ہوا اور مالی سال 26-2025 کے لیے درآمدات کا ہدف 65 ارب21 کروڑ 10 لاکھ ڈالرز مقرر کیا گیا تھا
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ جون 2026 میں درآمدات 6 ارب 76 کروڑ 70 لاکھ ڈالرز رہیں۔
