صدر مملکت آصف علی زرداری کے اعزاز میں کرغزستان کے شہر چولپون آتا میں واقع رخ اوردو ثقافتی کمپلیکس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی، جہاں کرغزستان کے صدر سادیر ژاپاروف نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تقریب میں آمد پر دونوں ممالک کے سربراہان نے ایک دوسرے سے مصافحہ کیا، جس کے بعد پاکستان اور کرغزستان کے قومی ترانے بجائے گئے۔
استقبالیہ تقریب کے دوران کرغزستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے صدر آصف علی زرداری کو گارڈ آف آنر پیش کیا، جبکہ صدر مملکت نے گارڈ آف آنر کا معائنہ بھی کیا۔
تقریب میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود بھی شریک تھے، جہاں صدر آصف علی زرداری اور صدر سادیر ژاپاروف نے اپنے اپنے وفود کے ارکان کا ایک دوسرے سے تعارف کرایا۔
