پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تجارت، توانائی اور آئی ٹی تعاون بڑھانے پر اتفاق، صدور کی مشترکہ پریس کانفرنس

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان اور کرغزستان کے درمیان تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات موجود ہیں، جنہیں باہمی تعاون اور اقتصادی شراکت داری کے ذریعے نئی بلندیوں تک لے جانا دونوں ممالک کی مشترکہ ترجیح ہے۔

پاکستان اور کرغزستان کے صدور کے درمیان وفود کی سطح پر ہونے والے مذاکرات کے بعد مشترکہ میڈیا گفتگو میں صدر آصف علی زرداری نے کرغزستان کے صدر سادیر جیاپاروف اور حکومت کا پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرغزستان ایک خوبصورت اور دوستانہ ملک ہے، جہاں آ کر انہیں بے حد خوشی ہوئی۔

صدر مملکت نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے لیے پاکستان اور کرغزستان کا مل کر کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور صنعتی تعاون کو فروغ دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں، جن سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں کرغزستان کے ساتھ اقتصادی تعاون بڑھانے، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور باہمی روابط کو مزید مستحکم بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

اس موقع پر کرغزستان کے صدر سادیر جیاپاروف نے بھی دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرغزستان پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور مستقبل میں انہیں مزید وسعت دی جائے گی۔

کرغز صدر نے کہا کہ دونوں ممالک توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور کاسا-1000 منصوبے پر مؤثر عمل درآمد کے لیے پُرعزم ہیں۔ انہوں نے معدنیات، زراعت، ٹیکسٹائل، حلال انڈسٹری، صحت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں بھی تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کے درمیان روابط، تعلیمی تبادلوں اور عوامی سطح پر تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بھی مشترکہ اقدامات کیے جائیں گے تاکہ دونوں ممالک کے درمیان دیرپا شراکت داری کو مزید فروغ مل سکے۔

About The Author

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے